بنگلورو،4/نومبر (ایس او نیوز) راجیوتسوا تقریب میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کے اس اعلان کے ایک ہی دن بعد کہ ریاست میں کوئی کنڑا اسکول بند نہیں کیا جائے گا۔ بنگلورو کے جنوبی زون کے 8امدادی کنڑا اسکولوں کو بند کردینے کا حکم جاری ہوا ہے۔ ریاستی محکمہ تعلیم نے بنگلوروشہر کے 8؍امدادی اسکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ محکمہ کے ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان اسکولوں کو بند کردینے کی ہدایت دی گئی ہے جہاں ہر سیکشن میں 25سے کم بچے زیر تعلیم ہیں۔محکمہ کے ایک افسر کے مطابق یہ لازمی ہے کہ ہر سیکشن میں کم از کم 25؍بچے موجود ہوں۔ لیکن گزشتہ 3؍ سال سے ان اسکولوں میں تعداد کو برقرار نہیں رکھا گیا ہے۔ اس کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کو بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ چہارشنبہ کو سدارامیا نے بتایا کہ ان اسکولوں کے خلاف جہاں بچوں کی تعداد کم ہے ایسے کنڑا اسکولوں کو بند کرنے کے لئے حکم دیا گیا ہے۔ یہ بات کہی جارہی ہے کہ کنڑا اسکول میں اگر ایک بچہ بھی زیر تعلیم ہے تو اس کو چلایا جائے۔ محکمہ کے افسروں کے مطابق کرناٹکا تعلیم قانون 1983کے تحت نوٹس جاری کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ چند مہینوں پہلے سے چل رہا ہے۔ ایک مہینہ پہلے سے نوٹسوں کو جاری کیا گیا ہے۔ماہر تعلیمات ڈاکٹر وی پی نرتجنارادھیا نے محکمہ کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے خود کنڑا اسکولوں کی حفاظت کی ذمہ داری لی تھی۔ اب ان کو محکمہ کے اس عمل کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔